Home/Allama Hasan Raza Khan/Ae raahate jaan jo tere qadmon se laga ho

اے راحتِ جاں جو ترے قدموں سے لگا ہو

Written by Allama Hasan Raza Khan

100%
اے راحتِ جاں جو ترے قدموں سے لگا ہو کیوں خاک بسر صورتِ نقشِ کفِ پا ہو ایسا نہ کوئی ہے نہ کوئی ہو نہ ہوا ہو سایہ بھی تو اِک مِثل ہے پھر کیوں نہ جدا ہو اللہ کا محبوب بنے جو تمہیں چاہے اس کا تو بیاں ہی نہیں کچھ تم جسے چاہو دل سب سے اُٹھا کر جو پڑا ہو ترے دَر پر اُفتادِ دو عالم سے تعلق اُسے کیا ہو اُس ہاتھ سے دل سوختہ ہارے کر جس سے رُطبِ سوختہ کی نشوونما ہو ہر سانس سے نکلے گلِ فردوس کی خوشبو گر عکسِ فگن دل میں وہ نقشِ کفِ پا ہو اُس دَر کی طرف اُس لئے میزاب کا منہ ہے وہ قبلۂ کونین ہے یہ قبلہ نما ہو بے چین رکھے مجھ کو ترا دردِ محبت مٹ جائے وہ دل پھر جسے آرمانِ دوا ہو یہ میری سمجھ میں کبھی آ ہی نہیں سکتا ایمان مجھے پھیرنے کو تُو نے دیا ہو اس گھر سے عیاں نورِ الٰہی ہو ہمیشہ تم جس میں گھڑی بھر کے لیے جلوہ نما ہو مقبول ہیں ابرو کے اشارے سے دعائیں کب تیرِ کماندارِ نبوت کا خطا ہو ہو سلسلہ اُلفت کا جسے زُلفِ نبی سے الجھیں نہ کوئی کام نہ پابندِ بلا ہو شکر ایک کرم کا بھی ادا ہو نہیں سکتا دل اُن پہ فدا جانِ حَسَن اُن پہ فدا ہو