مدنی چینل سنتوں کی لائے گا گھر گھر بہار
مدنی چینل سے ہمیں کیوں والہانہ ہو پیار
مدنی چینل سے جسے بھی والہانہ پیار ہے
اِن شاء اللہ دونوں جہاں میں اُس کا بیڑا پار ہے
ناچ گانوں اور فلموں سے یہ چینل پاک ہے
مدنی چینل حق بیان کرنے میں بھی بے باک ہے
مدنی چینل کی مہم ہے نفس و شیطاں کے خلاف
جو بھی دیکھے گا کرے گا اِن شاء اللہ اِعتراف
نفسِ امارہ پہ ضرب ایسی لگے گی زور دار
شرم عصیاں کے سبب ہوگا گنہگار اشکبار
راہِ سنت پہ چلا کر سب کو جنت کی طرف
لے چلے بس اِک یہی ہے مدنی چینل کا ہدف
اِس میں موسیقی نہ تم ہرگز سنو گے سامعین
یہ گنہ کا کام ہے اس کی اجازت ہے نہیں
چھوڑ دو فلمیں ڈرامے دیکھنا تم چھوڑ دو
توڑ دو ابلیس سے سب رشتہ ناتا توڑ دو
اِس میں ہے فیضانِ قرآں اِس میں فیضانِ حدیث
جل مرے اور خاک ڈالے سر پہ شیطاں خبیث
اے گناہوں کے مریضوں! چاہتے ہو گر شفا
آن کرتے ہی رہو تم مدنی چینل کو سدا
اِس میں عصیاں سے حفاظت کا بہت ساماں ہے
اِن شاء اللہ خُلد میں بھی داخلہ آساں ہے
مدنی چینل تم کو گھر بیٹھے سکھائے گا نماز
اور نمازی دونوں عالم میں رہے گا سرفراز
مدنی چینل میں نبیؐ کی سُنّتوں کی دھوم ہے
اور شیطانِ لعیں رنجور ہے مغموم ہے
مدنی چینل حُبِّ احمدؐ میں رُلاتا ہے تمہیں
اور نشۂ عشقِ محمدؐ کا چڑھاتا ہے تمہیں
خوب تڑپاتا ہے یہ خوفِ خدائے پاک میں
اور ملاتا ہے تکبّر کا نشہ بھی خاک میں
مدنی چینل نارِ دوزخ سے اماں دلوائے گا
اِن شاء اللہ آپ کو باغِ جناں دلوائے گا
مدنی چینل مدنی مُنتوں کو بھی دکھلائے
دیں کی باتیں بھی ان کو بھی سکھلائے
کُفر کے ایواں میں مولیٰ ڈال دے یہ زلزلہ
یا الٰہی! تا ابد جاری رہے یہ سلسلہ
مدنی چینل کے سبب نیکی کی دعوت عام ہو
عام دنیا بھر میں یارب دین کا پیغام ہو
مدنی چینل کے مبلغ، نعت خواں، خدمت گزار
جس قدر بھی ہیں سبھی کی مغفرت ہو کردگار
مدنی چینل کیلئے جو ساتھ دے عطؔار کا
اِس پہ ہو رحمتِ خدا اور کرم سرکارؐ کا