یا الہیٰ ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو
جب پڑے مشکل شہِ مشکل کشا کا ساتھ ہو
یا الہیٰ بھول جاؤں نزع کی تکلیف کو
شادیِ دیدارِ حُسنِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو
یا الہیٰ گورِ تیرہ کی جب آئے سخت رات
اُن کے پیارے منھ کی صبحِ جاں فزا کا ساتھ ہو
یا الہیٰ جب پڑے محشر میں شورِ داروگیر
امن دینے والے پیارے پیشوا کا ساتھ ہو
یا الہیٰ جب زبانیں باہر آئیں پیاس سے
صاحبِ کوثر شہِ جود و عطا کا ساتھ ہو
یا الہیٰ سرد مہری پر ہو جب خورشیدِ حشر
سیّدِ بے سایہ کے ظلِ لوا کا ساتھ ہو
یا الہیٰ گرمیِ محشر سے جب بھڑکیں بدن
دامنِ محبوب کی ٹھنڈی ہوا کا ساتھ ہو
یا الہی نامہ اعمال جب گھلنے لگیں
عیب پوش خلق ستارِ خطا کا ساتھ ہو
یا الہی جب آنکھیں حسابِ جرم میں
اُن تبسم ریز ہونٹوں کی دُعا کا ساتھ ہو
یا الہی جب حسابِ خندہ بیجا رُلائے
چشمِ گریانِ شفیعِ مُرتجیٰ کا ساتھ ہو
یا الہی رنگ لائیں جب مری بے باکیاں
اُن کی نیچی نیچی نظروں کی حیا کا ساتھ ہو
یا الہی جب چلوں تاریک راہِ پُل صراط
آفتابِ ہاشمی نورِ الہدیٰ کا ساتھ ہو
یا الہی جب سرِ شمشیر پر چلنا پڑے
رَبِّ سَلِّم کہنے والے غمزدہ کا ساتھ ہو
یا الہی جو دُعائے نیک میں تجھ سے کروں
قُدسیوں کے لب سے آمیں رَبَّنا کا ساتھ ہو
یا الہی جب رضا خوابِ گراں سے سر اٹھائے
دولتِ بیدارِ عشقِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو