یہ کس شہنشہِ والا کی آمد آمد ہے
یہ کون سے شہِ بالا کی آمد آمد ہے
یہ آج تارے زمیں کی طرف ہیں کیوں مائل
یہ آسمان سے پیہم ہے نور کیوں نازل
یہ آج کیا ہے زمانے نے رنگ بدلا ہے
یہ آج کیا ہے کہ عالم کا ڈھنگ بدلا ہے
یہ آج کا ہے کی شادی ہے عرش کیوں جھوما
لبِ زمیں کو لبِ آسماں نے کیوں چوما
سوا ڈوبا ہوا اور ساوا خشک ہوا
خزاں کا دور گیا موسمِ بہار آیا
یہ آج کیا ہے کہ بُت اوندھے ہوگئے سارے
یہ آج کیوں ہیں شیاطیں بندھے ہوئے سارے
یہ انبیاء و رُسل کس کے انتظار میں ہیں
یہ آج لات و ہبل کس سے انکسار میں ہیں
یہ آج بشریٰ لکم کی صدا کا شور ہے کیوں
یہ مرحبا کی نداؤں میں آج زور ہے کیوں
کہا جواب میں ہاتف نے لو مبارک ہو
اُٹھو خدا کے حبیب آئے مژدہ ہو تم کو
وہ آئے آنے کی جن کے خبر تھی مدت سے
دعا خلیل کی عیسیٰ کی جو بشارت تھے
بڑھو ادب سے کرو عرض اَلسَّلَامُ عَلَیْک
وَاَهْلِ بَيْتِکَ وَالْآلِ وَالَّذِيْنَ لَدَيْک
سلام تم پہ خدا کا اور اس کی رحمت ہو
تحیت اس کی ثناء اس کی اس کی نعمت ہو
دُرود آپ پہ ہر آن بھیجے ربِ ودود
اور اس کی برکتوں کا روز آپ پر ہو وُرود
سلام آپ پر نازل کرے صلاۃ و سلام
بلند ذکر کرے آپ کا ہمیشہ مُدام
یہی ہیں جن کو ملائک سلام کرتے ہیں
انہی کی مَدح و ثناء صبح و شام کرتے ہیں