اچانک دشمنوں نے کی چڑھائی یارسول اللہ
ہوئے دو جاں بحق اسلامی بھائی یارسول اللہ
مرا دشمن تو مجھ کو ختم کرنے آ ہی پہنچا تھا
میں قرباں تم نے میری جاں بچائی یارسول اللہ
شہیدِ دعوتِ اسلامی سجاد و احد آقا
رہیں جنت میں یکجا دونوں بھائی یارسول اللہ
عدو جھک مارتا ہے خاک اڑاتا ہے ترے قرباں
مجھے اب تک نہ کوئی آنچ آئی یارسول اللہ
نہیں سرکار! ذاتی دشمنی میری کسی سے بھی
بری ہے نفس و شیطاں سے لڑائی یا رسول اللہ
شہاً! دشمن ہوا ہائے! ہمارے خون کا پیاسا
دہائی یارسول اللہ! دہائی یارسول اللہ
حفاظت دشمنوں سے آپ ہی فرمائیے آقا
کہ مجھ کمزور پر کی ہے چڑھائی یا رسول اللہ
مقابل دشمنِ اسلام کے ایسا بنا گویا
کوئی دیوار ہو سیسہ پلائی یارسول اللہ
تہی ہے جُرم میرا سنتوں کا ادنیٰ خادم ہوں
ہے میں نے سنتوں سے لو لگائی یارسول اللہ
اگر چہ لاکھ دشمن دھمکیاں دے جان لینے کی
کسی سے کیوں ڈرے تیرا فدائی یارسول اللہ
اگر چہ جان جائے خدمتِ سنت نہ چھوڑوں گا
شہاً! کرتے رہیں مشکل کشائی یارسول اللہ
کسی صورت بھٹک سکتا نہیں میں راہِ سنت سے
مجھے حاصل ہے تیری رہنمائی یارسول اللہ
ہدایت دشمنوں کو یا نبی! ایسی عطا کر دو
یہ بن جائیں مرے اسلامی بھائی یارسول اللہ
تمنا ہے مرے دشمن کریں توبہ عطا کر دو
انہیں دونوں جہاں کی تم بھلائی یارسول اللہ
بچالو! نارِ دوزخ سے بیچارے حاسدوں کو بھی
میں کیوں چاہوں کسی کی بھی برائی یارسول اللہ
حقوق اپنے کئے ہیں درگزر دشمن کو بھی سارے
اگر چہ مجھ پہ ہو گولی چلائی یارسول اللہ
بہر صورت مجھے مرنا پڑے گا پر سعادت ہے
شہادت راہِ سنت میں جو پائی یارسول اللہ
اندھیری قبر سے شاہِ مدینہ خوف آتا ہے
نظر میں ہے رحمت پر جمائی یارسول اللہ
تمنا ہے ترے عطارؔ کی یوں دھوم مچ جائے
مدینے میں شہادت اس نے پائی یارسول اللہ