عَرشِ عُلیٰ سے اعلیٰ میٹھے نبی کا روضہ
ہے ہر مکاں سے بالا میٹھے نبی کا روضہ
کیسا ہے پیارا پیارا یہ سبز سبز گنبد
کتنا ہے میٹھا میٹھا میٹھے نبی کا روضہ
فِردوس کی بلندی بھی چھو سکے نہ اس کو
خُلدِ بریں سے اونچا میٹھے نبی کا روضہ
مکّے سے اِس لئے بھی افضل ہوا مدینہ
حصے میں اس کے آیا میٹھے نبی کا روضہ
کعبے کی عظمتوں کا مُنکر نہیں ہوں لیکن
کعبے کا بھی کعبہ میٹھے نبی کا روضہ
آنسو چھلک پڑے اور بے تاب ہو گیا دِل
جس وقت میں نے دیکھا میٹھے نبی کا روضہ
ہوگی شفاعت اُس کی جس نے مدینے آکر
خواہ اک نظر بھی دیکھا میٹھے نبی کا روضہ
بادل گھیرے ہوئے ہیں بارش برس رہی ہے
لگتا ہے کیا سُہانا میٹھے نبی کا روضہ
ہِجر و فراق میں جو یارب! تڑپ رہے ہیں
اُن کو دکھا دے مولیٰ میٹھے نبی کا روضہ
ہِشدہ ہزارِ عالم کا حُسن اِس پہ قرباں
دونوں جہاں کا دُولہا میٹھے نبی کا روضہ
اُس آنکھ پہ کیوں نہ قربان میری جاں ہو
جس آنکھ نے ہے دیکھا میٹھے نبی کا روضہ
جس وقت رُوحِ تن سے عطّار کی جُدا ہو
ہو سامنے خُدایا میٹھے نبی کا روضہ