بِحَمْدِ اللہ عَبْدُ اللہ کا نورِ نظر آیا
مبارک آمنہ کا نورِ دل لختِ جگر آیا
یہ عبدالمطلب کی خوبیِ قسمت کہ ان کے گھر
چراغِ لامکاں کون و مکاں کا تاجور آیا
وہ ختمُ الانبیا تشریف فرما ہونے والے ہیں
نبی ہر ایک پہلے سے سُناتا یہ خبر آیا
ربیعِ پاک تجھ پہ اہلِ سنت کیوں نہ قرباں ہوں
کہ تیری بارہویں تاریخ وہ جانِ قمر آیا
ہوئے جب جلوہ فرما شاہِ ذیشاں دُنیا میں
ہر اک قُدسی فلک سے بہرِ پا بوسی اُتر آیا
جھکا جاتا ہے سجدے کے لیے اس واسطے کعبہ
کہ مسجودِ ملائک آج اس میں جلوہ گر آیا