Home/Imam Ahmad Raza Khan Qadri/Hai Kalam-e-Ilahi mein Shams-o-Duha tere chehra-e-noor fiza ki qasam

Hai Kalam-e-Ilahi mein Shams-o-Duha tere chehra-e-noor fiza ki qasam

Written by Imam Ahmad Raza Khan Qadri

100%
ہے کلامِ الہی میں شمس و ضحٰی ترے چہرۂ نور فزا کی قسم قسم شبِ تار میں یہ تھا کہ حبیب کی زلفِ دوتا کی قسم ترے خلق کو حق نے عظیم کہا تری خلق کو حق نے جمیل کیا کوئی تجھ سا ہوا ہے نہ ہوگا شہا ترے خالقِ حسن و ادا کی قسم وہ خدا نے ہے مرتبہ تجھ کو دیا نہ کسی کو ملے نہ کسی کو ملا کہ کلامِ مجید نے کھائی شہا ترے شہر و کلام و بقا کی قسم قال اللہ تعالٰی: لا اُقسِمُ بِھذَا البَلَدِ وَ اَنتَ حِلُّ بِھذَا البَلَدِ (مطلب: مجھے اس شہر مکہ کی قسم ہے اس لیے کہ اے محبوب تو اس میں تشریف فرما ہے۔) قال اللہ تعالٰی: وَقِیلِہِ یٰرَبِّ اِنَّ ھٰؤُلَآءِ قَومٌ لَّا یُؤمِنُونَ (مطلب: مجھے رسول کے کہنے کی قسم ہے کہ اے میرے رب یہ لوگ ایمان نہیں لاتے۔) قال اللہ تعالٰی: لَعَمرُکَ اِنَّھُم لَفِی سَکرَتِھِم یَعمَهُونَ (مطلب: اے محبوب مجھے تیری جان کی قسم کہ یہ کافر اپنے نشے میں اندھے ہو رہے ہیں۔) ترا مسند ناز ہے عرش بریں ترا محرم راز ہے روحِ امیں تُو ہی سرورِ ہر دو جہاں ہے شہا ترا مثل نہیں ہے خدا کی قسم یہی عرض ہے خالقِ ارض و سما وہ رسول ہیں تیرے میں بندہ ترا مجھے اُن کے جوار میں دے وہ جگہ کہ ہے خلد کو جس کی صفا کی قسم تُو ہی بندوں پہ لطف و عطا ہے تجھی پہ بھروسا تجھی سے دعا مجھے جلوۂ پاکِ رسول دکھا تجھے اپنے ہی عز و علا کی قسم مرے گرچہ گناہ ہیں حد سے سوا مگر اُن سے امید ہے تجھ سے رجا تُو رحیم ہے اُن کا کرم ہے گواہ وہ کریم ہیں تیری عطا کی قسم یہی کہتی ہے بلبلِ باغِ جناں کہ رضا کی طرح کوئی سحر بیاں نہیں ہند میں واصفِ شاہِ ہدیٰ مجھے شوخیِ طبعِ رضا کی قسم