خدا کی خلق میں سب انبیا خاص
گروہِ انبیا میں مصطفیٰ خاص
نرالا حُسنِ انداز و ادا خاص
تجھے خاصوں میں حق نے کر لیا خاص
تری نعمت کے سائل خاص تا عام
تری رحمت کے طالب عام تا خاص
شریک اس میں نہیں کوئی پیمبر
خدا سے ہے جو تجھ کو واسطہ خاص
گنہگارو نہ ہو مایوسِ رحمت
نہیں ہوتی کریموں کی عطا خاص
گدا ہوں خاص رحمت سے ملے بھیک
نہ میں خاص اور نہ میری التجا خاص