میں مکے میں پھر آ گیا یا الہی کرم کا ترے شکریہ یا الہی
نہ کر رد کوئی التجا یا الہی ہو مقبول ہر اک دعا یا الہی
رہے ذکر آٹھوں پہر میرے لب پر ترا یا الہی ترا یا الہی
مری زندگی بس تری بندگی میں ہی اے کاش گزرے سدا یا الہی
نہ ہوں اشک برباد دنیا کے غم میں محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے غم میں رُلا یا الہی
عطا کر دے اخلاص کی مجھے نعمت نہ نزدیک آئے ریا یا الہی
مجھے اولیا کی محبت عطا کر تُو دیوانہ کر غوث کا یا الہی
میں یادِ نبی میں رہوں گم ہمیشہ مجھے اُن کے غم میں گھلا یا الہی
مرے بال بچوں پہ سارے قبیلے پہ رحمت ہو تیری سدا یا الہی
دے عطار یوں بلکہ سب سنیوں کو مدینے کا غم یا خدا یا الہی
خدایا اجل آ کے سر پر کھڑی ہے دکھا جلوۂ مصطفٰے یا الہی
مری لاش سے سانپ بچھو نہ لپٹیں کرم از طفیلِ رضا یا الہی
تو عطار کو سبز گنبد کے سائے میں کر دے شہادت عطا یا الہی