بہتری جس پہ کرے فخر وہ بہتر صدیق
سروری جس پہ کرے ناز وہ سرور صدیق
چمنستانِ نبوت کی بہارِ اوّل
گلشنِ دیں کے بنے پہلے گلِ تر صدیق
بے گماں شمعِ نبوت کے ہیں آئینہ چار
یعنی عثمان و عمر حیدر و اکبر صدیق
سارے اصحابِ نبی تارے ہیں اُمت کے لیے
اِن ستاروں میں بنے مہرِ منور صدیق
ثانِیَ اثنِین ہیں ابوبکر خدا گواہ
حق مقدم کرے پھر کیوں مؤخر صدیق
زیست میں موت میں اور قبر میں ثانی ہی رہے
ثانِیَ اثنِین کے اس طرح ہیں مظہر صدیق
وَلذّینَ مَعَہ کے ہیں یہ فردِ کامل
حشر تک پائے نبی پر دھرے سر صدیق
ان کے مداح نبی ان کا ثناگو اللہ
حق ابوالفضل کہے اور پیمبر صدیق