تین روزہ اجتماعِ پاک کے ملتان میں
ہر طرف سے آ رہے ہیں قافلے ملتان میں
آج ”صحراۓ مدینہ“ میں ہے کیا آئی بہار
چار سو ہیں رحمتوں کے گل کھلے ملتان میں
ہیں الٰہ وامی ہمارا اجتماعِ پاک ہے
ہیں کئی ملکوں سے آئے قافلے ملتان میں
اجتماعِ پاک یا رب! ابتدا تا انتہا
خیر سے ہو خیر سے ہو خیر سے ملتان میں
میلے منصوبے عدو کے خاک میں مل جائیں سب
دے تحفظ یا خدا اشرار سے ملتان میں
نیتیں کر لو، کریں گے انفرادی کوششیں
اور ملیں گے بڑھ کے ہر ایک سے ملتان میں
سب کرونیت، کریں گے قافلوں میں ہم سفر
اب بہت سارے بنیں گے قافلے ملتان میں
مجلسِ شوریٰ کا جو بھی ہے وفادار اے خدا
ابرِ رحمت اُس پہ برسا زور سے ملتان میں
یا خدا وہ حج کرے بیٹھا مدینہ دیکھ لے
غور سے ہر اک بیاں جو بھی سنے ملتان میں
چور ڈاکو آگئے آکر ہدایت پا گئے
بے نماز آکر نمازی بن گئے ملتان میں
سنتوں سے سب کے چہرے جگمگائیں گے یہاں
ان شاء اللہ مصطفےٰ کے فیض سے ملتان میں
سنتوں کی تربیت کے خوب مدنی قافلے
چار سو ہوں گے روانہ خیر سے ملتان میں
مدنی انعامات کی دھومیں مچاتے جائیں گے
سنتوں کی تربیت کے قافلے ملتان میں
فضلِ رب سے اہلِ حق کا بعدِ حج سب سے بڑا
اجتماعِ پاک ہے یہ خیر سے ملتان میں
بخش دے یارب! سبھی کو اور ان کو بالخصوص
آئے ہیں کرنے سفر جو دور سے ملتان میں
کاش! عشقِ مصطفےٰ میں یا خدا تڑپا کروں
آنکھ تیرے خوف سے روتی رہے ملتان میں
رُکنِ عالم اور بہاء الدین کے صدقے خدا
ہو قبول اس کی دعا جو بھی کرے ملتان میں
ان شاء اللہ ہر دعا عطار اب مقبول ہے
ہیں خدا کی رحمتوں کے درکھلے ملتان میں