ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا مدینے کی
مہکی مہکی فضا مدینے کی
آرزو ہے خدا مدینے کی
مجھ کو گلیاں دکھا مدینے کی
دن ہے کیسا منور و روشن
رات رونق فزا مدینے کی
چھاؤں تو ہر جگہ کی ٹھنڈی پر
دھوپ بھی واہ وا مدینے کی
گیف آور ہے موسمِ سرما
گرمیاں مرحبا مدینے کی
پھول تو پھول خار بھی دلکش
پتیاں دلربا مدینے کی
ہے چمن تو حسین کانٹوں کی
جھاڑیاں خوشنما مدینے کی
ہے پہاڑوں پہ نور کی چادر
وادیاں مرحبا مدینے کی
سبز گنبد کا حُسن کیا کہنا
جالیاں دلکشا مدینے کی
کیف و مستی بھرا سماں ہے واں
کیف آور فضا مدینے کی
ہر گھڑی رحمتیں برستی ہیں
ہے مبارک ہوا مدینے کی
ذرہ ذرہ وہاں کا نُورانی
ہے منور فضا مدینے کی
ظلمتِ شب ڈرائے گی کیونکر!
ہر طرف ہے ضیا مدینے کی
غمزدہ آنکھ کھول کے دیکھو
چھا گئی ہے گھٹا مدینے کی
کیوں ہو مایوس اے مریضِ اُمم
لے لو خاکِ شفا مدینے کی
جھولیاں بھر کے تُو بھی لائیگا
راہ لے اے گدا مدینے کی
میرے مرجھائے دل کو جھونکا دے
آ کے بادِ صبا مدینے کی