تُو نے مجھ کو حج پہ بلایا یا اللہ مری جھولی بھر دے
گردِ کعبہ خوب پھرایا یا اللہ مری جھولی بھر دے
میدانِ عرفات دکھایا یا اللہ مری جھولی بھر دے
بخش دے ہر حاجی کو خدایا یا اللہ مری جھولی بھر دے
بہہ کوثر و بیرِ زم زم کر دے کرم اے ربِ اکرم
حشر کی پیاس سے مجھے بچانا یا اللہ مری جھولی بھر دے
مولیٰ مجھ کو نیک بنا دے اپنی الفت دل میں بسا دے
بہہ صفا اور بہہ مروہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
یا اللہ یا رحمٰن یا حنّان یا منّان
بخش دے بخشے ہوؤں کا صدقہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
واسطہ نبیوں کے سرور کا واسطہ صدیق اور عمر کا
واسطہ عثمان و حیدر کا یا اللہ مری جھولی بھر دے
نارِ جہنم سے تُو بچانا خُلد بریں میں مجھ کو بسانا
یارب اُڑائے شاہِ مدینہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
سائل ہوں میں تیری ولا کا پھیر دے رُخ ہر رنج و بلا کا
واسطہ شاہِ کرب و بلا کا یا اللہ مری جھولی بھر دے
جس دم سوئے طیبہ سفر ہو آنکھیں تر ہوں پھٹتا جگر ہو
اور عطا ہو سوزِشِ سینہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
سامنے جب ہو گنبدِ خضرا قلب و جگر ہوں پارہ پارہ
بہہ نکلیں اشکوں کا دھارا یا اللہ مری جھولی بھر دے
شاہِ مدینہ کی اُلفت دے سوز دے اور درد و رقت دے
عشقِ نبی میں خوب رُلانا یا اللہ مری جھولی بھر دے
میں ہوں بندہ تُو ہے مولیٰ تُو ہے قادر میں ناکارہ
میں منگتا تُو دینے والا یا اللہ مری جھولی بھر دے
سوزِ اُویس و بلالؓ خُدا دے غوث کا صدقہ مجھ کو بنا دے
شاہِ مدینہ کا دیوانہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
حاضر در ہوں میں دُکھیارا یارب! تیرا ہی ہے سہارا
رنج و الم نے مجھ کو مارا یا اللہ مری جھولی بھر دے
ہے تیرا فرماں اُدْعُوْنِی ہے یہ دعا ہو قبر نہ سُونی
جلوۂِ یار سے اس کو بسانا یا اللہ مری جھولی بھر دے
دے حُسنِ اخلاق کی دولت کر دے عطا اخلاص کی نعمت
مجھ کو خزانہ دے تقویٰ کا یا اللہ مری جھولی بھر دے
بخش دے میری ساری خطائیں کھول دے مجھ پر اپنی عطائیں
برسادے رحمت کی برکھا یا اللہ مری جھولی بھر دے
دعوتِ اسلامی کی قیوم اک اک گھر میں مچ جائے دھوم
اس پہ فدا ہو بچہ بچہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
یوں میرا دنیا سے سفر ہو ان کی چوکھٹ پہ میرا سر ہو
پیشِ نظر ہو اُن کا جلوہ یا اللہ مری جھولی بھر دے
تاج و تخت و حکومت مت دے کثرتِ مال و دولت مت دے
اپنی رضا کے دیدے مژدے یا اللہ مری جھولی بھر دے
جنت میں آقا کا پڑوسی بن جائے عطار الٰہی
مولٰی از پئے قطبِ مدینہ یا اللہ مری جھولی بھر دے