فَجر کا وقت ہو گیا اٹھو! اے غلامانِ مصطفٰے اٹھو!
جاگو جاگو اے بھائیو، بہنو! چھوڑ دو اب تو بستر اٹھو!
تم کو حج کی خدا سعادت دے، جلوہ دیکھو مدینے کا اٹھو!
اٹھو ذکرِ خدا کرو اٹھ کر! دل سے لو نامِ مصطفٰے اٹھو!
فَجر کی ہو چکیں اذانیں وقت ہو گیا ہے نماز کا اٹھو!
بھائیو! اُٹھ کر اب وضو کر لو! اور چلو خانہِ خدا اٹھو!
نیند سے تو نماز بہتر ہے اب نہ مطلق بھی لیٹنا اٹھو!
اٹھ چکواب کھڑے بھی ہو جاؤ! آنکھ شیطان نہ دے لگا اٹھو!
جاگو جاگو نمازِ غفلت سے کر نہ بیٹھو کہیں قضا اٹھو!
اب ”جو سوئے نماز کھوئے“ وقت سونے کا اب نہیں اٹھو!
یاد رکھو! نماز گر چھوڑی قبر میں پاؤ گے سزا اٹھو!
بے نمازی پھنسے گا محشر میں ہو گا ناراض کبریا اٹھو!
میں ”صدائے مدینہ“ دیتا ہوں تم کو طیبہ کا واسطہ اٹھو!
میں بھکاری نہیں ہوں درِ در کا میں ہوں سرکار کا گدا اٹھو!
مجھ کو دینا نہ پائی پیسہ تم! میں ہوں طالبِ ثواب اٹھو!
تم کو دیتا ہے یہ دعا عطار فضل تم پر کرے خدا اٹھو!